کراچی: محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رواں برس ’’انتہائی سرد‘‘ موسمِ سرما سے متعلق تمام پیش گوئیوں کو مسترد کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر سے فروری کے دوران ملک میں بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے کچھ کم ہونے کا امکان ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کے گزرنے سے سردی کی وقتی لہر ضرور آسکتی ہے، تاہم اسے ’’غیر معمولی سخت موسم‘‘ قرار دینا درست نہیں۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں کسی غیر معمولی سردی یا ریکارڈ توڑ درجہ حرارت کی کوئی سائنسی شہادت موجود نہیں۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ’’انتہائی سرد موسمِ سرما‘‘ کی خبروں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، اس لیے عوام ایسی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ سردیوں کے دوران عام موسمی اتار چڑھاؤ ضرور دیکھنے میں آئیں گے، مگر موجودہ ڈیٹا اور عالمی موسمی ماڈلز کے مطابق پاکستان میں رواں سال معمول کے مطابق ہی موسمِ سرما رہے گا۔