لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے جامع پلان تیار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور تھنک ٹینک نے پچز کے حوالے سے کیوریٹرز کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں، جن کے تحت آنے والی وائٹ بال سیریز میں فلیٹ بیٹنگ ٹریکس تیار نہیں کی جائیں گی۔ فیصلے کا مقصد میچوں کو یکطرفہ بیٹنگ فیسٹیول بننے سے روکنا اور بالرز، خصوصاً اسپنرز، کو سازگار مواقع فراہم کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوبی افریقا کے بیٹرز فلیٹ پچز پر بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پچز ایسی بنائی جائیں جو بیٹرز کے ساتھ ساتھ اسپنرز اور فاسٹ بولرز دونوں کو مدد فراہم کریں۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ پر مشاورت بھی جاری ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیم میں ایک اضافی اسپنر شامل کیا جائے گا تاکہ اسپن کنڈیشنز کا بہتر فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور بہترین دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ آئندہ سیریز کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے لیے کسی کھلاڑی کے نام کے آگے ’’کراس‘‘ نہیں لگایا گیا، بابر اعظم، نسیم شاہ سمیت تمام وائٹ بال کرکٹرز زیر غور ہیں، اور اگر ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی کھلاڑی کی ضرورت پیش آئی تو اسے نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلی جائے گی، جب کہ ون ڈے میچز 4، 6 اور 8 نومبر کو شیڈول ہیں۔