ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی سائیکل سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو گزشتہ روز کی ہے جب صدر مسعود پزشکیان نے صوبہ اصفہان میں کئی سرکاری عہدیداروں کے ہمراہ سائیکل چلائی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایرانی صدر خوشگوار موڈ میں سائیکل چلا رہے ہیں جبکہ ان کے اردگرد سیکیورٹی اہلکار اور دیگر سرکاری حکام بھی سائیکلوں پر موجود ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ایرانی صدر کے اس سادہ اور صحت مند طرزِ عمل کو سراہا ہے۔ متعدد صارفین نے لکھا کہ صدر مسعود پزشکیان نے عوام میں صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور جسمانی فٹنس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے سائیکل سواری کی۔
ایرانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے صدر کے اس اقدام کو ’’عوام دوست‘‘ اور ’’سادگی کی مثال‘‘ قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ کئی صارفین نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوام اور قیادت کے درمیان قربت پیدا کرتے ہیں اور ایک مثبت پیغام دیتے ہیں کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز شخصیات بھی عام طرزِ زندگی اختیار کر سکتی ہیں۔