آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین فٹنس مسائل کے باعث بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کیمرون گرین کو سائیڈ انجری کا سامنا ہے جو اگرچہ کم درجے کی ہے، تاہم میڈیکل اسٹاف نے احتیاطی طور پر انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ کسی بڑی انجری سے محفوظ رہ سکیں۔ ان کی جگہ مارنوس لبوشین کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق کیمرون گرین مختصر ری ہیب مکمل کرنے کے بعد آئندہ ایشیز سیریز کی تیاری کے لیے شیفلڈ شیلڈ کے میچز میں شرکت کریں گے۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم کی ترجیح کھلاڑیوں کی مکمل فٹنس اور طویل مدتی دستیابی ہے۔
دوسری جانب مارنوس لبوشین نے حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار فارم کا مظاہرہ کیا ہے اور مسلسل رنز بنا کر سلیکٹرز کو متاثر کیا۔ ان کی اسکواڈ میں واپسی کو آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز 19، 23 اور 25 اکتوبر کو بالترتیب پرتھ، ایڈلیڈ اور سڈنی میں کھیلی جائے گی۔