لاہور: صوبہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جب کہ متاثرین کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے چیکس بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے تیزی سے جاری ہے، اور جیسے ہی سروے مکمل ہوگا، ایک سے دو روز میں امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر کے 4 ہزار 751 موضع جات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ سروے اور امدادی عمل میں چار مختلف محکموں کی ٹیمیں شامل ہیں جنہیں زمینی حقائق کی بنیاد پر نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کابینہ نے حال ہی میں سیلاب متاثرین کے لیے بڑے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔ اس پیکج کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے، مستقل معذوری کی صورت میں 5 لاکھ روپے اور معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح، پکے گھر کی مکمل تباہی پر 10 لاکھ روپے، جزوی نقصان پر 3 لاکھ روپے، جبکہ کچے گھر کی مکمل تباہی پر 5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔
علاوہ ازیں، جن علاقوں میں فصلوں کو 25 فیصد یا اس سے زیادہ نقصان پہنچا ہے، وہاں فی ایکڑ 20 ہزار روپے کے حساب سے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے صوبے کے 2 ہزار 855 موضع جات میں آبیانہ اور ایگریکلچر انکم ٹیکس کی مکمل معافی کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ کسانوں کو مالی دباؤ سے نجات دلائی جا سکے اور بحالی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔