پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش اسٹار اشعب عرفان نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے وینکوور اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھا کر اپنے کیریئر کا پہلا پی ایس اے ورلڈ ٹور ٹائٹل جیت لیا۔
فائنل میں اشعب عرفان نے انگلینڈ کے سیم ٹوڈ کو سیدھے تین گیمز سے (3-0) شکست دی۔ یہ دلچسپ مقابلہ 43 منٹ تک جاری رہا جس میں پاکستانی کھلاڑی نے مکمل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے اپنے حریف کو موقع نہ دیا۔ اشعب نے گیمز 11-9، 11-1 اور 11-5 سے جیت کر شائقینِ اسکواش کو یادگار لمحے دیے۔
اس کامیابی کے ساتھ اشعب عرفان نے نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ اسکواش کیریئر میں نیا باب رقم کیا بلکہ ایک بار پھر پاکستان کے سنہری اسکواش ماضی کو تازہ کر دیا، جب جہانگیر خان اور جان شیر خان جیسے عظیم کھلاڑی عالمی سطح پر حکمرانی کرتے تھے۔
وینکوور اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 31,250 امریکی ڈالر رکھی گئی تھی۔ اشعب کی یہ فتح عالمی رینکنگ میں ان کے لیے ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوگی، جب کہ پاکستان میں اسکواش کے شائقین کے لیے یہ جیت ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اس کامیابی پر پاکستان اسکواش فیڈریشن، سابق کھلاڑیوں اور شائقین نے اشعب عرفان کو مبارکباد پیش کی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں مزید بین الاقوامی اعزازات پاکستان کے نام کریں گے۔

