اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، پاکستان کو ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم 2026 کی میزبانی مل گئی۔
چین کے شہر شوجو میں ہونے والے ورلڈ شیفس فورم 2025 کے دوران پاکستان نے 2026 کے لیے ایشیائی شیفس فورم کی میزبانی جیت لی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو کسی عالمی شیف فورم کی میزبانی کا موقع حاصل ہوا ہے۔ ایونٹ اکتوبر 2026 میں اسلام آباد اور لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان کی نمائندگی شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی صدر احمد شفیق نے کی۔ میزبانی کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان نے 21 میں سے 13 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔
صدر شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان احمد شفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حق میں یہ فیصلہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق 21 ایشیائی ممالک کے نمائندے، دنیا کے نامور شیفس اور ایسوسی ایشن کے صدور پاکستان آئیں گے، جس سے نہ صرف ملکی وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستانی شیفس کے لیے عالمی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
احمد شفیق نے مزید بتایا کہ ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم کے رکن ممالک میں چین، پاکستان، بھارت، سری لنکا، جمہوریہ کوریا، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جاپان، مکاؤ، ملائیشیا، سنگاپور، مالدیپ، فلپائن، نیپال اور دیگر ایشیائی ممالک شامل ہیں۔
پاکستان میں اس عالمی ایونٹ کی میزبانی نہ صرف فوڈ اینڈ ہاسپٹیلٹی انڈسٹری کے فروغ کا باعث بنے گی بلکہ ملکی ثقافت، مہمان نوازی اور روایتی کھانوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا ایک منفرد موقع بھی فراہم کرے گی۔