کراچی: ترجمان وفاقی حکومت برائے سندھ راجہ خلیق انصاری نے کہا ہے کہ عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ گرین لائن منصوبے پر کام جلد شروع ہونے والا ہے۔
راجہ خلیق انصاری کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ میں گرین لائن سے متعلق تمام امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، بلدیاتی حکومت کی جانب سے جن ادھورے کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ کی تاخیر کی وجہ سے منصوبہ اب ستمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔ گرین لائن منصوبے کے تحت کیپری سنیما، پلازہ اور جامع کلاتھ کے قریب نیا اسٹیشن بنایا جائے گا جبکہ منصوبہ جامع کلاتھ کے قریب ہی اختتام پذیر ہوگا۔
ترجمان وفاقی حکومت نے وضاحت دی کہ این او سی کا معاملہ بھی حل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر صاحب کا خیال تھا کہ این او سی نہیں لیا گیا، حالانکہ این او سی 2017 میں جاری ہوئی تھی، اس پر کوئی مدت مقرر نہیں تھی، اسی لیے اسے قابلِ استعمال سمجھا گیا۔
راجہ خلیق انصاری نے بتایا کہ 31 اکتوبر کو کراچی کینٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کینٹ اسٹیشن پہنچ کر شہریوں کو محسوس ہوگا جیسے وہ کسی ائیرپورٹ پر آگئے ہوں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے زیرتعمیر منصوبوں میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ لیاری ایکسپریس وے پر صرف مینٹیننس کا کام جاری ہے اور یہ منصوبہ معمول کے مطابق چلتا رہے گا۔

