نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سندھ بھر میں اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ادارہ بڑے پیمانے پر نئے پلاٹس خریدے گا جہاں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے کراچی کے پانچ اضلاع اور اندرون سندھ کے 9 اضلاع میں مجموعی طور پر 200 جونیئر ایگزیکٹیو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھرتیوں کے لیے امیدواروں کی تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ مقرر کی گئی ہے، جب کہ عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 25 برس رکھی گئی ہے۔ امیدواروں کے لیے واک ان انٹرویوز 3 نومبر سے شروع ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نادرا نے سندھ کے مختلف شہروں میں اپنی موجودگی کو مزید فعال بنانے کے لیے دفاتر کے قیام کے لیے زمین خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان نئے دفاتر کی تعمیر کا مقصد عوام کو بائیومیٹرک اور شناختی دستاویزات کی فراہمی کے عمل میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
جن اضلاع میں نادرا کی جانب سے پلاٹس خریدے جائیں گے ان میں میرپور خاص، میرپور ساکرو، کوٹری، مٹیاری، چھاچھرو، جھڈو، میرپور ٹھورو، ٹنڈو الہیار، جامشورو، ٹھٹہ اور سجاول شامل ہیں۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق بھرتیوں اور دفاتر کے قیام کے ان منصوبوں کا مقصد عوامی سہولت میں اضافہ اور شناختی خدمات کو مزید تیز اور مؤثر بنانا ہے، تاکہ شہریوں کو اپنے قریبی علاقوں میں ہی تمام سہولیات میسر آ سکیں۔