اس موقع پر مندروں میں خصوصی تقریبات اور عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ہندو برادری اس دن کو بھگوان رام کی ایودھیا واپسی کی یاد میں مناتی ہے اور گھروں، مندروں اور گلیوں کو مٹی کے چراغوں سے روشن کرتی ہے۔
دیوالی کا تہوار شری رام چندر جی کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، جنہوں نے تقریباً چودہ سال جلاوطنی کے دوران جنگلوں میں گزارے اور ہندو دھرم کی تعلیمات کو فروغ دیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم ہندو برادری کو تہہ دل سے مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے، جو اندھیرے پر روشنی، نفرت پر محبت اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے۔
انہوں نے پاکستان میں ہندو برادری کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی میدانوں میں گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندو شہری پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان کی خدمات پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔