لاہور: مہنگائی پہلے ہی بے قابو، رہی سہی کسر ٹماٹروں نے پوری کر دی، فی کلو ٹماٹر 500 روپے تک جا پہنچا، جس نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کی منڈیوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سپلائی میں کمی کے باعث مارکیٹ میں فی کلو ٹماٹر 450 سے 500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہر کی مختلف سبزی منڈیوں میں ٹماٹر کی سپلائی تقریباً 50 فیصد کم ہو چکی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
راولپنڈی میں بھی ٹماٹر کی اڑان جاری ہے۔ سرکاری نرخ 130 سے 175 روپے فی کلو مقرر ہیں، لیکن مارکیٹ میں ٹماٹر 400 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ہی ٹماٹر مہنگا ملتا ہے، اس لیے سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں۔
پشاور میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ سرکاری نرخ نامے میں ٹماٹر کی قیمت 330 روپے فی کلو درج ہے، مگر بازاروں میں 400 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت جاری ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئٹہ میں بھی ٹماٹر کی قیمتوں نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ چند ہفتے قبل 50 سے 80 روپے میں ملنے والا ٹماٹر اب 250 سے 350 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی کمر توڑ رکھی ہے، اور اب ٹماٹر کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔