اسلام آباد: پاکستان میں نجکاری کے شعبے میں تاریخی پیشرفت سامنے آئی ہے، متحدہ عرب امارات کی معروف کمپنی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) نے فرسٹ ویمن بینک کے پانچ ارب روپے مالیت کے حصص خرید لیے۔ یہ کئی برسوں بعد مکمل ہونے والی پہلی اسٹریٹجک نجکاری ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اس اہم پیشرفت کو پاکستان کی معیشت پر عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ملک میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے نئے دور کی شروعات ثابت ہوگا۔
خرم شہزاد کے مطابق، اس نجکاری کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت میں نجی شعبے کا کردار مزید مستحکم ہوگا، جبکہ بینکاری شعبے میں بھی جدیدیت اور مسابقت کا نیا باب کھلے گا۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (IHC) مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی سرمایہ کار کمپنیوں میں سے ایک ہے، اور اس کے فیصلے سے پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
مشیرِ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ فرسٹ ویمن بینک کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایک جدید کمرشل بینک میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف خواتین کے لیے مالی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ بینکنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
خرم شہزاد نے یہ بھی انکشاف کیا کہ IHC پاکستان میں اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبوں پر پہلے ہی کام کر رہی ہے، جو مستقبل میں صنعتی، توانائی اور مالیاتی شعبوں میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔