فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، نفرت اور انتشار کی سیاست کبھی نہیں کی۔ وہ فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جتنے بڑے منصوبے اور ترقیاتی کام ہوئے، وہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہوئے۔ آج پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے، اور یہ اعزاز میاں نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلے سے حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت اور وقار ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے ہے، جسے بھارت سمیت کوئی ملک شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو نہ ملک میں لوڈشیڈنگ تھی نہ مہنگائی۔ اس کے بعد 12 اکتوبر کا واقعہ پیش آیا اور پھر دس سال تک ملک پیچھے چلا گیا۔ 2013 میں جب عوام نے ن لیگ کو دوبارہ اقتدار دیا تو نہ لوڈشیڈنگ رہی نہ دہشتگردی، لیکن 2018 میں دھاندلی کے ذریعے ایک نیا سیاسی منصوبہ لانچ کیا گیا، جس کے بعد ملک ایک بار پھر معاشی بحران کا شکار ہوا۔
سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک کے چار سالوں میں ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ گیا، لیکن آج نہ کوئی ڈیفالٹ کا خطرہ ہے اور نہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ پر سوال اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اور عسکری قیادت نے اپنے سے پانچ گنا بڑی معیشت اور دس گنا بڑی فورس کو شکست دی — 28 مئی 1998 اور 10 مئی 2025 وہ دن ہیں جب ن لیگ کی قیادت نے بھارت کے غرور کو مٹی میں ملایا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف ایسا مقدمہ بنایا گیا جس کی سزا موت تھی، لیکن ہم نے ہمیشہ سیاسی معاملات بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی۔ آج بھی ہم قومی مفاد میں میثاقِ استحکامِ پاکستان پر بات کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر ملک میں سیاست کے بجائے نفرت، فتنہ اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، مگر ہم ملک میں فتنہ اور فساد کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جن لوگوں کو چالیس سال سے کھلی چھوٹ ملی ہوئی تھی، انہیں حالیہ دنوں میں سبق سکھا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ گمراہ ہیں، انہیں دلیل اور مکالمے سے سمجھانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو دوبارہ ترقی اور استحکام کی راہ پر ڈالا جا سکے۔