کوئٹہ: بلوچستان کابینہ نے صوبے کے چھ ڈویژنز میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد متعلقہ ڈویژنز میں لیویز تھانے اور ریونیو پولیس فورس پولیس کے دائرہ اختیار میں آ گئے ہیں۔ یہ فیصلہ محکمہ داخلہ بلوچستان کی درخواست پر بلوچستان رولز آف بزنس 2012 کے تحت کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضم ہونے والے ڈویژنز میں کوئٹہ، قلات، مکران، رخشاں، نصیر آباد اور ژوب شامل ہیں۔ پولیس میں انضمام کے بعد لیویز جمع دار اور نائب رسالدار کو گریڈ 14 مل گیا ہے اور ان کا عہدہ سب انسپکٹر کے مساوی ہوگا۔
دوسری جانب، لیویز رسالداروں نے پولیس میں انضمام کے بعد گریڈ 16 میں انسپکٹر کے مساوی عہدہ دینے کے لیے محکمہ داخلہ بلوچستان کو باقاعدہ درخواست جمع کروا دی ہے۔ درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کے ڈی ڈی او کوڈز کو جلد تبدیل کیا جائے تاکہ نئے عہدے کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔