ہانگ کانگ: دبئی سے آنے والا ایک کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل کر سمندر میں جا گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور عملے کے چار ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حادثہ ہوائی اڈے کے شمالی رن وے پر پیش آیا، جس کی وجہ سے یہ رن وے عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ باقی دو رن وے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس بیورو نے حادثے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
جائے حادثہ پر گورنمنٹ فلائنگ سروس کے ہیلی کاپٹرز اور فائر سروسز ڈیپارٹمنٹ کی کشتیاں روانہ کی گئیں۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد درجن بھر کارگو پروازیں منسوخ کر دی گئیں، تاہم مسافر پروازیں متاثر نہیں ہوئیں۔