اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے اور امن و خوشحالی کا پیغام دیتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ملکی استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور ہر شخص کو ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان تمام مذاہب اور عقائد کی عبادات کے لیے محفوظ ملک ہے اور تمام مذہبی اکائیاں مل کر پاکستان کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے مثبت سوچ اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔