اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر سال 19 اکتوبر کو دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ اس بیماری کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور بہتر بقا کے لیے اجتماعی کوششوں کو یکجا کیا جاسکے۔
چھاتی کے سرطان کے عالمی یومِ آگاہی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور آگاہی، بچاؤ اور علاج تک رسائی کے ذریعے قیمتی جانیں بچانے کے اپنے پختہ عزم کو دہراتا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ چھاتی کا سرطان پاکستان میں خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والا مرض ہے، جو خواتین کو لاحق ہونے والے تمام سرطانوں میں سے تقریباً ایک تہائی کا باعث بنتا ہے۔ یہ بیماری ہر عمر اور سماجی پس منظر کی خواتین کو متاثر کرتی ہے، تاہم اگر بروقت تشخیص ہوجائے تو یہ قابلِ علاج ہے اور بقا کی شرح 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا چیلنج معاشرتی خاموشی کو توڑنا، غلط تصورات کو ختم کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی خاتون خوف یا مالی مشکلات کی وجہ سے اسکریننگ یا علاج میں تاخیر نہ کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت صحت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے جن میں تدریسی و صوبائی اسپتالوں میں چھاتی کے سرطان کے لیے مخصوص کلینکس کا قیام، مفت میموگرافی اور تشخیصی سہولیات، لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت اور پرائمری ہیلتھ پروگرامز میں چھاتی کے سرطان کی اسکریننگ کا انضمام شامل ہے تاکہ کمیونٹی کی سطح پر آگاہی کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قومی کینسر رجسٹری اور کینسر کنٹرول پروگرام کے قیام پر بھی کام کررہی ہے تاکہ چھاتی کے سرطان سے متعلق درست اعداد و شمار حاصل کیے جائیں اور پالیسی سازی میں بہتری لائی جاسکے۔ ٹیلی میڈیسن اور ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کے ذریعے دور دراز علاقوں کی خواتین کو مشاورت، فالو اَپ اور رہنمائی فراہم کی جارہی ہے، جو سرطان سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت نجی شعبے اور فلاحی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ سرطان سے بچاؤ، تحقیق اور مریضوں کی معاونت کو مضبوط بنایا جاسکے۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ چھاتی کے سرطان کے خلاف قومی آگاہی مہم میں شامل ہوں، اپنی ماؤں، بہنوں، بیویوں اور بیٹیوں کو باقاعدگی سے خود معائنہ کرنے، کلینیکل اسکریننگ میں حصہ لینے اور بروقت طبی مشورہ حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بروقت تشخیص جانیں بچا سکتی ہے، خاندانوں کو محفوظ رکھ سکتی ہے اور قوم کو مضبوط بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا پختہ عزم ہے کہ آگاہی، علاج تک رسائی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے چھاتی کے سرطان سے ہونے والی قابلِ تدارک اموات کا خاتمہ کیا جائے گا۔