اسلام آباد: پاکستان میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد سال 2025 میں ملک بھر میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع وزارتِ صحت کے مطابق پولیو سے متاثرہ 12 ماہ کے بچے کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر کی تحصیل کندار سے ہے۔ بچے میں بیماری کی علامات 19 ستمبر 2025 کو ظاہر ہوئیں جس کے بعد اس کے نمونے تجزیے کے لیے قومی ادارہ صحت بھجوائے گئے۔
وزارتِ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال خیبر پختونخوا پولیو وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے، جہاں اب تک 19 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ بعض علاقوں میں پولیو مہمات کی مزاحمت، والدین کی عدم تعاون اور جغرافیائی مشکلات ہیں جن کے باعث حفاظتی ٹیموں کو بچوں تک پہنچنے میں دشواری پیش آتی ہے۔
پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحت حکام نے کہا ہے کہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی انسدادِ پولیو مہم شروع کر دی ہے، جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سیوریج کے نمونوں کی نگرانی بھی تیز کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں جہاں پولیو اب تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا۔ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے مسلسل ویکسینیشن مہمات اور عوامی تعاون ناگزیر ہیں۔