کراچی: نارتھ ناظم آباد کے علاقے کوثر نیازی کالونی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے شدید مالی دباؤ اور قرضوں کے بوجھ تلے دب کر اپنی دو کمسن بیٹیوں کے گلے کاٹ دیے۔
پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ ناظم آباد کے بلاک I میں پیش آیا۔ ملزم اکبر ولد عبدالستار کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور آلۂ قتل بھی اس کے قبضے سے برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں اہلخانہ موجود تھے جنہوں نے شور سن کر پولیس کو اطلاع دی۔
ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزم اکبر گزشتہ کئی ماہ سے شدید مالی مشکلات اور بے روزگاری کا شکار تھا۔ اس پر مختلف کمیٹیوں کے واجبات تھے جن کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر ہو رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق قرض خواہوں کی جانب سے مسلسل دباؤ اور سماجی شرمندگی نے اسے ذہنی طور پر مفلوج کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم اکبر کی 5 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ قتل کی جانے والی بچیوں کی شناخت 10 سالہ زینب اور 11 سالہ عالیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بہنیں مقامی اسکول میں زیرِ تعلیم تھیں۔ اہلِ محلہ کے مطابق ملزم ایک شریف اور خاموش طبع شخص کے طور پر جانا جاتا تھا، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے اس کی مالی حالت انتہائی خراب تھی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و افسوس کی فضا پھیل گئی ہے۔ اہلِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بے روزگاری اور بڑھتے معاشی دباؤ کے باعث لوگوں میں پیدا ہونے والی ذہنی پریشانیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔
پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیان اور نفسیاتی حالت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی تمام وجوہات واضح طور پر سامنے آسکیں۔