اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو اہم عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل کے عہدے پر تعینات کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے چند روز قبل ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کیا تھا، جس میں پہلی بار یہ شرط رکھی گئی کہ امیدوار سابق ٹیسٹ یا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر ہونا چاہیے۔ مصباح الحق اس معیار پر پورا اترتے ہیں اور ان کے وسیع تجربے کو دیکھتے ہوئے انہیں اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے قریبی ذرائع کے مطابق بورڈ اعلیٰ سطح پر اس تقرری پر مشاورت کر رہا ہے، اور امکان ہے کہ حتمی اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ مصباح الحق پہلے بھی بطور ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر پاکستان ٹیم کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں اور انہیں کرکٹ کی تکنیکی سمجھ بوجھ کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات میں مہارت رکھنے والا پیشہ ور قرار دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں اس عہدے پر عثمان واہلہ تعینات تھے، تاہم ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کو مناسب انداز میں ہینڈل نہ کرنے پر انہیں عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، بعد ازاں وہ دوبارہ بحال ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کی نئی حکمت عملی کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے کو مستحکم کرنا اور ٹیموں کے شیڈول، غیر ملکی دوروں اور دو طرفہ سیریز کے معاملات کو بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔
اگر مصباح الحق کی تقرری عمل میں آتی ہے تو وہ پی سی بی کے ان چند سابق کھلاڑیوں میں شامل ہو جائیں گے جنہیں کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔