کراچی: جیو فلمز کی کامیاب ہارر فلم "دیمک” نے نہ صرف پاکستان میں شاندار بزنس کیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی فلم بینوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
پاکستان میں 20 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے والی اس فلم نے پاکستانی سنیما کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کردیا ہے۔ فلم کی کہانی، سسپنس اور گرافکس کے ساتھ ساتھ اس کی تکنیکی کوالٹی نے عالمی ناظرین کی بھی توجہ حاصل کی ہے۔
امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں فلم "دیمک” کے شوز بھرپور انداز میں جاری ہیں، جہاں پاکستانی، بھارتی اور عرب کمیونٹیز سمیت دیگر شائقین نے فلم کو سراہا ہے۔ متعدد سنیما گھروں میں فلم کے شو ہاؤس فل جارہے ہیں۔
حال ہی میں ڈیلس میں فلم کے ریڈ کارپٹ ایونٹ کے دوران شائقین نے فلم کے مرکزی کرداروں سے ملاقات کی اور فلم کے اثر انگیز مناظر پر زبردست ردعمل دیا۔ اسی طرح کینیڈا میں ہونے والے پریمیئر شو میں فلم کو "ٹرینڈ سیٹر” قرار دیا گیا اور فلمی ناقدین نے اسے پاکستانی ہارر سنیما کا نیا سنگ میل کہا۔
فلم کے پروڈیوسر سید مراد علی اور ہدایت کار رافع راشدی ہیں، جب کہ اسے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم نے محض 38 دن میں 16 کروڑ روپے کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کیا اور اس کی مقبولیت بدستور بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ جیو فلمز اس سے قبل بھی کئی شاہکار فلمیں پیش کر چکا ہے جن میں "خدا کے لیے”، "بول”، "طیفا اِن ٹربل”، "دی لیجنڈ آف مولا جٹ”، "ڈونکی کنگ” اور "گلاس ورکر” شامل ہیں۔ "دیمک” نے ان کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی فلم انڈسٹری کو ایک نئی عالمی شناخت دی ہے۔

