ویسٹ انڈیز نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک ایسا منفرد کارنامہ انجام دیا ہے جو آج تک کوئی اور ٹیم نہیں کر سکی۔ دو بار کی عالمی چیمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز دنیا کی پہلی ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے ایک مکمل ون ڈے میچ میں تمام 50 اوورز صرف اسپنرز سے کروائے۔
یہ تاریخی موقع میرپور میں بنگلا دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران پیش آیا۔ ویسٹ انڈیز نے اس میچ میں اپنے پانچ اسپنرز — عقیل حسین، روسٹن چیز، کھارے پیئر، گداکیش موتی اور ایلیک اتھانازی — کو باری باری بولنگ کے لیے استعمال کیا، اور حیرت انگیز طور پر پورے 50 اوورز اسپن بولنگ ہی سے مکمل کیے۔
ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے مکمل اننگز اسپن بولرز سے کروائی ہو۔ اس سے قبل کسی بھی ٹیم نے ایسا نہیں کیا تھا۔ سری لنکا سب سے قریب پہنچی تھی جب 1996 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 اوورز اسپن بولنگ کرائی گئی تھی، جب کہ اسی طرح 1998 میں نیوزی لینڈ اور 2004 میں آسٹریلیا کے خلاف بھی سری لنکا نے 44 اوورز اسپن کروائے تھے، مگر پورے 50 اوورز اسپن کے ساتھ مکمل اننگز کبھی نہیں کھیلی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو 214 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم میچ کا سب سے دلچسپ اور تاریخی پہلو ویسٹ انڈیز کی غیر روایتی اور جرات مندانہ بولنگ حکمت عملی رہی، جس نے انہیں ون ڈے کرکٹ کے منفرد اعزاز کا مالک بنا دیا۔