راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق 6 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے تمام مقدمات کا مکمل ریکارڈ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے عمران خان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت میں آج بھی مقدمات پر دلائل مکمل نہ ہوسکے جس پر عدالت نے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے خلاف یہ مقدمات 26 نومبر کے احتجاج کے دوران مختلف نوعیت کے الزامات پر درج کیے گئے تھے، جن میں تھانہ نصیر آباد میں درج ایک کیس پولیس اہلکار کے قتل سے متعلق بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ انہی مقدمات میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر تمام شریک ملزمان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہوچکی ہیں، تاہم عمران خان کی درخواستوں پر عدالت نے حتمی فیصلہ آئندہ تاریخ پر ریکارڈ کی جانچ کے بعد دینے کا عندیہ دیا ہے۔