لاہور: پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے پرتشدد مظاہرین کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اب تک 954 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل لوکیٹر کے ذریعے مفرور مظاہرین کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ لاہور پولیس نے اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مختلف علاقوں میں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے ایک ٹارگٹ لسٹ تیار کی ہے جس میں تقریباً ساڑھے تین ہزار پرتشدد مظاہرین کی شناخت کی گئی ہے، جب کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر ساڑھے چار ہزار مظاہرین کو گرفتار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس کو سخت ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جن مظاہرین نے عوامی اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، سڑکیں بند کیں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کیے، ان سب کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
پولیس ترجمان کے مطابق کریک ڈاؤن کا سلسلہ آئندہ دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بدامنی یا تشدد کے واقعات کو دوبارہ جنم لینے سے روکا جا سکے۔