لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرض دینے کا ہدف مکمل کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ گھروں کا سنگ میل ملک کے غریب اور کم آمدن والے طبقے کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاسود قرضوں کے اس منصوبے نے اُن خاندانوں کو اپنا گھر بنانے کا موقع دیا جو برسوں سے اس خواب کو حقیقت بنتا دیکھنے کے منتظر تھے۔
مریم نواز شریف کے مطابق منصوبے کے تحت صرف دس ماہ میں 100,835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے۔ ان میں سے 22,305 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ 64,190 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ہاؤسنگ کے شعبے میں ایک انقلاب ہے بلکہ صوبے کے معاشی ڈھانچے کو بھی مضبوط کر رہی ہے کیونکہ اس سے تعمیراتی صنعت، روزگار اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف دس ماہ میں ایک سال کا ہدف پورا کرنا ایک مثالی کارکردگی ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ حکومت عوام کی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے۔ مریم نواز شریف نے منصوبے کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی محنت اور عوامی خدمت کے عزم کی عکاس ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر نواز شریف کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی قیادت نے ہمیشہ غریب عوام کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کو چھت دینا صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ سماجی انصاف کی ایک مثال ہے، اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ یہ خواب حقیقت میں ڈھل رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت آئندہ پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف مکمل کرے گی تاکہ ہر شہری کو اپنی چھت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ثابت کر رہا ہے کہ ریاست واقعی ماں کی طرح اپنے شہریوں کا خیال رکھتی ہے اور انہیں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دیتی ہے۔

