کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے اعلان کیا ہے کہ لیگ میں 2 نئی فرنچائزز شامل کی جا رہی ہیں، جن کے لیے جلد باضابطہ آکشن ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان نصیر نے کہا کہ جب پی ایس ایل کا آغاز ہوا تو ابتدائی دنوں میں شائقین اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم تھی، لیکن پانچ پارٹیوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹیمیں خریدیں اور لیگ کو کامیاب بنایا۔ ان کے مطابق، “لوگوں نے پی ایس ایل کو بدنام کرنے کی کوششیں کیں مگر لیگ ہر چیلنج کے باوجود آگے بڑھتی رہی۔”
انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے 10 سال مکمل ہو چکے ہیں اور تمام ابتدائی معاہدے ختم ہوگئے ہیں، اب لیگ کی ویلیو ایشن دوبارہ کی جا رہی ہے تاکہ اس کے اگلے مرحلے کو زیادہ مؤثر اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ سلمان نصیر کے مطابق، “ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں شامل کی جائیں، اس کے لیے آکشن کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔”
سی ای او کا کہنا تھا کہ بڈنگ پارٹیوں کو مختلف شہروں کے ناموں پر مشتمل ایک پول دیا جائے گا، جس میں سے وہ اپنی پسند کی ٹیم منتخب کریں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایچ بی ایل نے اگلے دو سال کے لیے لیگ کا اسپانسرشپ معاہدہ کیا ہے، اور یہ نیا معاہدہ گزشتہ معاہدے کے مقابلے میں 505 فیصد زیادہ ویلیو رکھتا ہے۔
سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی واحد پروفیشنل لیگ ہے جو بین الاقوامی سطح پر برانڈ بن چکی ہے، اور نئی ٹیموں کی شمولیت سے نہ صرف مقابلے کا معیار بہتر ہوگا بلکہ ملکی معیشت، کھیلوں کی صنعت اور نوجوان کھلاڑیوں کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔

