پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور صوبائی سطح پر تمام جماعتوں پر مشتمل جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق سہیل آفریدی نے ایمل ولی خان، مولانا فضل الرحمٰن، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کی اور انہیں صوبے میں قیامِ امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر مشاورت کی دعوت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا بنیادی حسن ہے، مگر صوبے میں امن و استحکام سب کا مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر جماعت اور طبقے کو ساتھ لے کر ایک پُرامن خیبر پختونخوا کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی قوتیں یکجا ہوں تاکہ عوام میں اعتماد بحال کیا جا سکے اور دیرپا امن کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
