اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے دو بڑے ترقیاتی منصوبے ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس دسمبر کے اوائل میں شہریوں کے لیے کھول دیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے ان منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ نے انہیں دونوں منصوبوں کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے اپنے دورے کے دوران تعمیراتی سرگرمیوں کے معیار اور رفتار کا معائنہ کیا اور واضح ہدایت دی کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل شہری سہولت کے لیے نہایت اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور دسمبر کے آغاز میں اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کو سگنل فری سفر کی سہولت ملے گی، جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں واضح بہتری آئے گی۔
محسن نقوی کے مطابق، یہ منصوبہ شہریوں کے سفری مسائل کے حل میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک جام اور تاخیر سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے شاہین چوک انڈر پاس کے حوالے سے ہدایت دی کہ منصوبہ اگلے 30 دنوں میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی عمل کو 24 گھنٹے جاری رکھا جائے تاکہ ٹریفک کے دباؤ اور اسکول اوقات میں عوامی مشکلات کم کی جا سکیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شاہین چوک انڈر پاس اسلام آباد کا ایک جدید ترقیاتی منصوبہ ہوگا جو دارالحکومت کے سفری اور ٹریفک نظام میں نئے معیار قائم کرے گا۔

