غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ ایک بار پھر تیز ہوگیا ہے، جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے شمالی اور جنوبی غزہ میں فضائی حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے رفح، خان یونس اور جبالیا کے علاقوں کو نشانہ بنایا، حملوں سے متعدد مکانات تباہ ہوئے اور کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پیر کو غزہ کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے تاکہ جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کی جاسکے۔
ادھر حماس کی جانب سے دو یرغمالیوں کی لاشیں واپس کیے جانے کے بعد اسرائیل نے 30 فلسطینی شہداء کی میتیں فلسطینی حکام کے حوالے کر دی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حماس اب تک 15 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرچکی ہے جبکہ اس کے پاس مزید 28 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں۔
غزہ میں صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہوگئی ہے، شہری علاقوں پر بمباری کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہورہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے ادویات اور طبی سامان کی قلت برقرار ہے۔

