نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ کین ولیمسن اب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں نظر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی وائٹ بال سیریز میں بھی حصہ نہیں لیں گے تاکہ دسمبر میں شیڈول تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مکمل توجہ دے سکیں۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ انہوں نے 2011 میں اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک 93 میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 2 ہزار 575 رنز اسکور کیے، جن میں 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ولیمسن نے 75 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کیوی ٹیم کی قیادت کی اور ان کی کپتانی میں نیوزی لینڈ نے دو بار (2016 اور 2022) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ 2021 میں ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ ان کی کپتانی میں بلیک کیپس نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی دکھائی اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا۔
ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کین ولیمسن نے کہا کہ انہیں محسوس ہوا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ایک قدم پیچھے ہٹ جائیں۔ ان کے مطابق، یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ ٹیم کے لیے بھی بہترین وقت ہے تاکہ نئی قیادت آگے آئے اور آئندہ چیلنجز کے لیے تیار ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ٹیم کو آئندہ سیریز اور اگلے بڑے ہدف یعنی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک واضح سمت ملے گی۔ کین ولیمسن نے نئے کپتان مچل سینٹنر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک شاندار لیڈر قرار دیا اور ٹیم کے مستقبل پر اعتماد ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ کین ولیمسن نیوزی لینڈ کے لیے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بدستور خدمات انجام دیتے رہیں گے اور آنے والے مہینوں میں ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ ہوں گے۔

