لاہور: پنجاب میں اسموگ کی شدت میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد محکمہ ماحولیات نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجز اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کے کھلنے کے اوقات میں تبدیلی کا حکم جاری کر دیا۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب صوبے بھر میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے نہیں کھلے گا۔ یہ فیصلہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بڑھتی اسموگ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت یہ پابندی 3 نومبر 2025 سے 31 جنوری 2026 تک نافذالعمل رہے گی۔ دورانِ پابندی، اگر کوئی اسکول یا ادارہ مقررہ وقت سے قبل کھلتا پایا گیا تو پہلی خلاف ورزی پر ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر چھ لاکھ سے دس لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کی صحت اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ بچوں کو اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

