وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے جبکہ بلیو اکانومی ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو 2025 سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے گزشتہ ڈھائی سال میں ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ تین عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کے معاشی اقدامات کو سراہا ہے، جس سے عالمی سطح پر اعتماد بحال ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارت اور معیشت کے استحکام کے لیے دوست ممالک کا بھرپور تعاون حاصل ہے، جبکہ حکومت تمام بندرگاہوں — کراچی، گوادر اور پورٹ قاسم — کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق بلیو اکانومی پاکستان کی معیشت کے لیے ایک نیا در وا کرے گی، کیونکہ سمندری وسائل کا مؤثر استعمال روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں نمایاں اضافہ لا سکتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ میری ٹائم کانفرنس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے تاکہ پاکستان کو خطے میں ایک مضبوط سمندری تجارتی مرکز بنایا جا سکے۔ ان کے بقول، بلیو اکانومی کے ذریعے پاکستان اپنے معاشی اہداف حاصل کر سکتا ہے، اور حکومت اس شعبے سے متعلق پالیسی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ حالیہ سیلابوں سے معیشت کو وقتی دھچکا ضرور لگا، مگر پاکستان کے معاشی ادارے مضبوط بنیادوں پر کھڑے ہیں۔ دنیا کے کئی معروف مالیاتی ادارے اب پاکستان کی بحال ہوتی اور مستحکم ہوتی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔

