لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ سیزن سے متعلق مختلف امور پر مشاورت کی جائے گی۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل مینجمنٹ سے ملاقات میں باضابطہ طور پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا، جسے پی سی بی نے تسلیم کر لیا ہے۔ اجلاس میں پی ایس ایل 2026 اور 2027 سے متعلق خدشات، کمرشل امور، ایونٹ ونڈو اور ای وائی ایویلیوایشن رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام چھ فرنچائزز بشمول ملتان سلطانز کے نمائندے شریک ہوں گے۔ مالکان نے 2 سالہ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدے کے طریقہ کار اور اس میں شفافیت کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی ہے۔
پی سی بی حکام اجلاس میں اپنے مؤقف سے آگاہ کریں گے اور فرنچائزز کے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ نے پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد لیگ میں ٹیموں کی کل تعداد آٹھ ہو جائے گی۔ رواں ماہ فرنچائزز کے ساتھ نئے معاہدے طے کیے جائیں گے کیونکہ لیگ کو شروع ہوئے دس سال مکمل ہو چکے ہیں۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے بتایا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کا دائرہ کار اب لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے ساتھ فیصل آباد اور پشاور تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیموں کے لیے ٹینڈر نومبر میں جاری کیے جائیں گے اور سرمایہ کاروں کو مختلف شہروں کے ناموں میں سے اپنی پسند کی فرنچائز منتخب کرنے کی اجازت ہوگی۔

