امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک خفیہ طور پر ایٹمی تجربات کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان، شمالی کوریا، روس اور چین ایسے ایٹمی تجربات کر رہے ہیں جو زمین کی گہرائی میں کیے جاتے ہیں اور ان سے صرف معمولی لرزش محسوس ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یہ تجربات باضابطہ طور پر رپورٹ نہیں کیے جاتے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس اتنی ایٹمی طاقت موجود ہے کہ وہ دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کر سکتا ہے، تاہم امریکا کبھی ان ہتھیاروں کا استعمال نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا صرف اپنے ایٹمی پروگرام کی کارکردگی جانچنے کے لیے تجربات کا جائزہ لیتا ہے تاکہ دفاعی صلاحیت برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب چین نے ٹرمپ کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہونے کے ناتے چین کی ایٹمی پالیسی ہمیشہ دفاعی نوعیت کی رہی ہے۔ بیجنگ نے مؤقف اختیار کیا کہ چین نے ایٹمی تجربات کے حوالے سے عالمی قوانین اور معاہدوں کی ہمیشہ پاسداری کی ہے اور کسی بھی خفیہ سرگرمی کا الزام بے بنیاد ہے۔

