Skip to content
  • لیہ
  • پاکستان
  • بین الاقوامی
  • کھیل
  • تجارت
  • ٹیکنالوجی
  • صحت
  • شوبز
  • موسم
  • کالم

چھوٹے صوبے بنانے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہو گی: میاں عامر محمود

Web Desk by Web Desk
نومبر 6, 2025
in پاکستان
0
چھوٹے صوبے بنانے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہو گی: میاں عامر محمود

ایبٹ آباد: چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد میں بیٹھ کر 25 کروڑ لوگوں کے مسائل حل نہیں کر سکتی، اگر ملک میں چھوٹے صوبے قائم کیے جائیں تو مسائل کے حل میں آسانی پیدا ہوگی۔

ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کے زیر اہتمام ’’2030 کا پاکستان، چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں‘‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے کہا کہ دنیا کے تمام بڑے ممالک نے وقت کے ساتھ اپنے انتظامی یونٹس کو چھوٹا کیا تاکہ عوامی خدمت مؤثر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، مگر اب تک صرف چار صوبے ہیں، جو غیر متوازن انتظامی تقسیم کی علامت ہے۔

چیئرمین دنیا میڈیا گروپ نے کہا کہ اگر پاکستان کے چاروں صوبوں پر نظر ڈالی جائے تو کوئی منطقی یا انتظامی ترتیب دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ 2001ء میں بنایا گیا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس ایک بہترین نظام تھا، جس کے تحت میئر ڈسٹرکٹ کا ایگزیکٹو ہیڈ ہوتا تھا، لیکن بدقسمتی سے یہ نظام صرف آٹھ سال چل سکا۔ سیاسی حکومتوں کے قیام کے بعد مقامی حکومتوں کا نظام ختم کر دیا گیا، حالانکہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت لوکل گورنمنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مستقل استحکام نہیں دیا گیا۔ بارہا تجربات کیے گئے لیکن ہر بار یہ نظام سیاسی مفادات کی نذر ہو گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت دراصل فیڈریٹنگ یونٹس کا مجموعہ ہوتی ہے، اور مؤثر فیڈریشن اسی وقت ممکن ہے جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ دنیا کے 172 ممالک ایسے ہیں جو بلوچستان سے رقبے میں چھوٹے ہیں، لیکن پاکستان میں اتنے بڑے رقبے پر گورنمنٹ کی رِٹ قائم کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چین کی آبادی 150 کروڑ ہے اور وہاں 31 صوبے ہیں، امریکہ 17 صوبوں سے شروع ہوا اور آج 50 ریاستوں پر مشتمل ہے، انڈونیشیا میں 34 صوبے ہیں، جبکہ پاکستان کی 25 کروڑ آبادی کے باوجود صرف 4 صوبے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نائیجیریا، برازیل اور میکسیکو جیسے ممالک نے صوبائی تقسیم کے ذریعے ترقی کو یقینی بنایا، جبکہ پاکستان میں ایک صوبہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے پورے ملک کا 52 فیصد ہے، جو انتظامی لحاظ سے غیر متوازن صورتحال ہے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ حکومت کی سات بنیادی ذمہ داریاں ہوتی ہیں جن میں عوام کی اقتصادی فلاح و بہبود سرِفہرست ہے، لیکن پاکستان میں معاشی پالیسیوں کے اثرات عوام تک نہیں پہنچ پاتے۔ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ 79 سالوں میں صرف پانچ بڑے شہروں کو ترقی دی ہے، جبکہ ملک کے بیشتر علاقے محرومیوں کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اگر ایک الگ ملک ہوتا تو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا 13واں بڑا ملک ہوتا۔ اسی طرح سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان بھی دنیا کے کئی ممالک سے بڑے یا زیادہ آبادی والے خطے ہیں، مگر ترقی کا تناسب غیر مساوی ہے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ سندھ کے سات ڈویژن ہیں جنہیں سات صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، اسی طرح خیبرپختونخوا کے ہزارہ اور ڈیرہ اسماعیل خان جیسے علاقے بھی الگ صوبوں کے حق میں تحریکیں چلا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان انسانی ترقی، قانون کی بالادستی اور بھوک کے خاتمے کے اشاریوں میں خطرناک حد تک نیچے ہے۔ ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کا نمبر 168 واں، قانون کی حکمرانی میں 129 واں، اور گلوبل ہنگر انڈیکس میں 109 واں ہے۔

چیئرمین دنیا میڈیا گروپ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے 44 فیصد بچے متوازن غذا سے محروم ہیں، جو آئندہ 20 سال میں ایک کمزور نسل کی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ بچے ہیں جو مستقبل میں کسی بھی شعبے میں فعال کردار ادا نہیں کر سکیں گے، اس لیے حکومت کو انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال لاکھوں لوگ شہروں کی طرف نقل مکانی کرتے ہیں، جس سے شہری سہولتوں پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ لاہور، کراچی اور پشاور جیسے شہروں میں آبادی کا بوجھ بڑھنے سے ترقی کا توازن بگڑ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبے چھوٹے ہوں تو ترقی کا عمل تیز اور وسائل کی تقسیم منصفانہ ہوگی۔ چھوٹے صوبوں کے قیام سے اخراجات نہیں بڑھیں گے بلکہ انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی۔

میاں عامر محمود نے ایبٹ آباد کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ صوبے کی تحریک برسوں سے جاری ہے اور یہاں کے لوگوں نے اس کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تحریک میں شامل ہونے آئے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے ہر ڈویژن کو صوبے کا درجہ دیا جائے تاکہ سب خطے یکساں ترقی کر سکیں۔

قبل ازیں، چیئرمین ایپ سپ چوہدری عبدالرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بنے 80 سال ہونے والے ہیں، ہمیں آج یہ سوچنا ہے کہ اگلے 20 سال میں ملک کہاں کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میاں عامر محمود ایک سچے پاکستانی اور وژنری لیڈر ہیں جو تعلیم کے ذریعے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔

چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ میاں عامر محمود نے پاکستان میں ساڑھے چار سو کالجز اور چار یونیورسٹیاں قائم کیں، جو قوم کے لیے علم و ترقی کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ اس وقت تک تبدیل نہیں ہو سکتا جب تک افراد خود کو بہتر نہ بنائیں، اور ہمیں ڈاکٹر یا انجینئر بننے سے پہلے ایک اچھا انسان بننے کی ضرورت ہے۔

Previous Post

دہشت گردی کی روک تھام: پاکستان اور افغانستان میں مذاکرات کا اگلا دور آج ہوگا

Next Post

27 ویں ترمیم: وزیراعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے

Next Post
27 ویں ترمیم: وزیراعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے

27 ویں ترمیم: وزیراعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Recent Posts

  • انڈہ توڑنے سے قبل کیسے پہچانیں کہ وہ خراب ہے یا نہیں؟
  • روزانہ 2 کپ چائے پینے کا یہ فائدہ جانتے ہیں؟
  • لیہ/ڈپٹی کمشنر آصف علی کی ضلع بھر میں گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور بحالی کی ہدایت
  • صائم ایوب پی ایس ایل میں ری ٹین ہونے والے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے
  • یہ خطرناک بات ہےکہ لوگ عباد گاہوں میں محفوظ نہیں، پاکستان میں امن کیلئے دعا کرتی ہوں: ملالہ

Recent Comments

  1. پرتگال کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان – ghazwanews.com از بلاول کا ایک بار پھر بی آئی ایس پی کے ذریعے سیلاب متاثرین تک امداد پہنچانے کا مطالبہ
  2. Ikram ul haq khan از تیس ہزار سے زائد سرکاری ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ
  3. غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری، پناہ گزینوں کے کیمپ نذر آتش، مزید 45 فلسطینی شہید – ghazwanews.com از تجارتی کشیدگی میں نیا موڑ ، امریکہ کی چین پر ٹیرف کی شرح 245 فیصد کرنے کی تیاری
  4. شہباز از قومی ائیرلائن نے 21 سال بعد اربوں روپے کا خالص منافع حاصل کر لیا
  5. Riaz ul hassan از ’’گندم اگاؤ‘‘ انعامی سکیم کے تحت کاشتکاروں کیلئے مفت ٹریکٹر کی فراہمی
No Result
View All Result
  • لیہ
  • پاکستان
  • بین الاقوامی
  • کھیل
  • تجارت
  • ٹیکنالوجی
  • صحت
  • شوبز
  • موسم
  • کالم