میامی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کے دوران طیارے گرائے جانے کی تعداد سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت میں 8 طیارے گرائے گئے تھے۔
میامی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں نے اخبارات میں مختلف خبریں دیکھیں، کسی نے لکھا کہ 7 طیارے گرائے گئے، کسی نے کہا کہ ایک کو نقصان پہنچا، مگر میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اصل تعداد 8 تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ اخبارات کا نام نہیں لینا چاہتے کیونکہ زیادہ تر میڈیا جھوٹی خبریں دیتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ٹیرف کی مدد سے روکا گیا۔ ان کے بقول، ’’اگر ہم نے اس وقت سخت اقتصادی اقدامات نہ کیے ہوتے تو شاید معاملہ بہت سنگین ہو جاتا۔‘‘
اپنے خطاب میں امریکی صدر نے نیویارک کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ نیویارک کے عوام نے ’’بائیں بازو کے رہنما ظہران ممدانی‘‘ کو میئر منتخب کر کے امریکا کی خودمختاری کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’ایک کمیونسٹ اب امریکا کے سب سے بڑے شہر کا میئر بن چکا ہے۔‘‘ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’دیکھتے ہیں وہ کیسا کام کرتے ہیں، ہم ان کی تھوڑی مدد کریں گے، مگر نیویارک کے لوگوں کو اب نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ امریکا کو ایسے رہنماؤں سے بچنا ہوگا جو ملک کے بنیادی اصولوں کو کمزور کرتے ہیں، ’’ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو، مگر اس کے لیے درست سمت میں فیصلے ضروری ہیں۔‘‘

