منیلا: فلپائن میں آنے والے طاقتور سمندری طوفان کالماگی نے تباہی مچا دی، متعدد علاقے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے جبکہ درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان کے باعث فوج کا ایک ہیلی کاپٹر امدادی کارروائی کے دوران جزیرہ منڈاناؤ کے علاقے اگوسان ڈیلسور میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچا رہا تھا۔ حادثے میں سوار تمام چھ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کی جلی ہوئی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں۔
فلپائنی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد طوفان کالماگی میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 86 ہو گئی ہے۔
سب سے زیادہ تباہی جزیرہ سیبو میں ہوئی جہاں 39 افراد ڈوبنے یا ملبے تلے دب کر ہلاک ہوئے، جب کہ بوہول جزیرے سے بھی ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، تاہم سینکڑوں مکانات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی اور ٹیلی فون سروس منقطع ہے جبکہ سڑکیں اور پل بہہ جانے سے آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز بہاؤ میں گاڑیاں ایک دوسرے کے اوپر چڑھی ہوئی ہیں، کئی مقامات پر پانی کی سطح گھروں کی چھتوں تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کالماگی نے گزشتہ شب ساحلی علاقوں سے ٹکرا کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلائیں جس کے نتیجے میں درخت اکھڑ گئے، عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔
یاد رہے کہ فلپائن میں سالانہ اوسطاً 20 طوفان آتے ہیں، اور حالیہ مہینوں میں ملک پہلے ہی زلزلوں اور شدید موسمی حالات سے متاثر ہے۔ حکام نے ممکنہ مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

