پاکستان سمیت دنیا بھر میں رواں سال کے سب سے بڑے سپر مون کا دلکش نظارہ کیا گیا۔ آسمان پر چمکتے ہوئے چاند نے رات کو دن جیسا روشن کر دیا، جسے دیکھنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور دیگر شہروں میں شہریوں نے کھلے مقامات، پارکوں، چھتوں اور ساحلوں پر جا کر سپر مون کا نظارہ کیا اور اس حسین منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، جاپان، سعودی عرب، بھارت اور دیگر ممالک میں بھی سپر مون کی جھلک دیکھی گئی، جہاں فلکیاتی شائقین نے خصوصی مشاہدہ پروگرام منعقد کیے۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق اس بار چاند معمول سے تقریباً 16 فیصد زیادہ روشن اور 7.9 فیصد بڑا نظر آیا۔ زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ معمول سے کم ہونے کی وجہ سے اس کی چمک اور جسامت میں واضح فرق محسوس کیا گیا۔ سپر مون دیکھنے کا بہترین وقت وہ ہوتا ہے جب چاند افق پر طلوع ہو رہا ہوتا ہے، کیونکہ اس لمحے چاند سب سے زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق رواں سال کا یہ دوسرا سپر مون تھا، جب کہ تیسرا اور آخری سپر مون دسمبر 2025 میں دیکھا جا سکے گا۔ یاد رہے کہ جب چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب آتا ہے تو وہ معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، اور اسی مظہر کو "سپر مون” کہا جاتا ہے۔ اس سے قبل 7 اکتوبر کو بھی پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں سال 2025 کا پہلا سپر مون دیکھا گیا تھا، جس نے فلکیات کے شائقین کو حیران کر دیا تھا۔

