اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہوگا جس کا 11 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں اہم قانون سازی سمیت آئینی ترمیمات اور حکومتی بلز پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ آج کے اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کا بل منظوری کے لیے پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف عوامی و حکومتی امور سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے دو نئے تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق بل بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، جن پر بحث کے بعد انہیں ایوان سے منظور کرانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور کرایا تھا۔ بل کی حمایت میں 64 ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا۔
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے باعث آج کے اجلاس میں اپوزیشن بنچز خالی رہنے کا امکان ہے۔
یہ اجلاس آئینی و پارلیمانی سرگرمیوں کے لحاظ سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس میں حکومت آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے کئی پہلوؤں کو حتمی شکل دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

