ممبئی: بھارتی میڈیا پر بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی موت کی خبریں چلنے کے بعد ان کی بیٹی ایشا دیول نے ان خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔
منگل کی صبح بھارت کے معروف میڈیا اداروں انڈیا ٹوڈے، اے بی پی نیوز، نیوز 18 اور ہندوستان ٹائمز نے رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ دھرمیندر 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اداکار کی ٹیم نے مبینہ طور پر 11 نومبر کی صبح ان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔
بھارتی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ دھرمیندر کو گزشتہ روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ تاہم یہ تمام خبریں بعد میں جھوٹی ثابت ہوئیں۔
معروف صحافی راجدیپ سردیسائی اور ادیب و شاعر جاوید اختر نے بھی ابتدائی طور پر دھرمیندر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹس کیں، مگر جب اداکار کی فیملی نے وضاحت جاری کی تو انہوں نے اپنی ٹوئٹس حذف کر دیں۔
اداکار کی بیٹی ایشا دیول نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے والد بالکل ٹھیک ہیں، وہ زیر علاج ہیں اور جلد گھر واپس آئیں گے۔ جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔‘‘
اسی حوالے سے دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی نے بھی ایک ٹوئٹ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابلِ معافی ہے۔ ذمہ دار نیوز چینلز کسی ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جو علاج کے دوران بہتر ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ تذلیل اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، براہ کرم ہماری فیملی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ دھرمیندر بالی وڈ کے ان چند سینئر اداکاروں میں سے ہیں جنہوں نے چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں درجنوں یادگار فلمیں دیں، جن میں شعلے، چپکے چپکے، سیتا اور گیتا اور دوسری محبت جیسی کلاسکس شامل ہیں۔

