سانگھڑ: شہدادپور میں مبینہ پولیس تشدد کے باعث پرائمری اسکول کے ہیڈماسٹر کی موت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ورثا کے مطابق ہیڈماسٹر کو پولیس نے پیر کی شام نامعلوم وجوہات کی بنا پر حراست میں لیا تھا، جہاں مبینہ طور پر تشدد کے باعث وہ جاں بحق ہو گئے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے کسی کو اطلاع نہیں دی اور جب اطلاع ملی تو ہیڈماسٹر کی لاش اسپتال منتقل کی جا چکی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں افسوس اور غم کی فضا پھیل گئی، جب کہ شہریوں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔
ڈی آئی جی سانگھڑ نے ہیڈماسٹر کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی کارروائی کے طور پر ایس ایچ او سمیت چار اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ ہیڈ محرر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

