تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کے لیے زمبابوے کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے، جہاں ائیرپورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔
زمبابوے کی ٹیم آج مکمل آرام کرے گی اور کل سے پریکٹس سیشنز کا آغاز کرے گی تاکہ راولپنڈی کی وکٹوں اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 18 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تمام ٹیموں کے درمیان کل چھ میچز کھیلے جائیں گے، جب کہ فائنل 29 نومبر کو ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں ٹورنامنٹ کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کیا ہے، جس کے مطابق اب تمام میچز راولپنڈی میں ہی ہوں گے۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق چند میچز لاہور میں بھی رکھے گئے تھے، تاہم سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کے باعث ٹورنامنٹ کو ایک ہی وینیو تک محدود کر دیا گیا ہے۔
زمبابوے کی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ تجربہ کار بیٹر کریگ ایرون اور کپتان سکندر رضا شامل ہیں، جب کہ بولنگ یونٹ کی قیادت لیوک جونگوی کریں گے۔ سری لنکا کی ٹیم بھی آئندہ دو روز میں پاکستان پہنچے گی۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے راولپنڈی میں بھرپور پریکٹس شروع کر دی ہے۔ کوچنگ اسٹاف کے مطابق کھلاڑیوں کا فوکس بیٹنگ اور فیلڈنگ پر زیادہ ہے، جبکہ بولنگ کمبینیشن کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ تین ملکی سیریز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2026 کی تیاریوں کا ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے گا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور ٹیم مینجمنٹ کو آئندہ عالمی ایونٹ کے لیے بہترین کمبی نیشن بنانے میں مدد ملے۔
