چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیم کے عدلیہ پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے جج صاحبان سے مشاورت کی جائے گی۔ فل کورٹ میٹنگ جمعے کی نماز کے بعد دن 2 بجے منعقد ہوگی۔
سپریم کورٹ کے تین ججز، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس صلاح الدین پنہور نے ستائیسویں آئینی ترمیم کے بارے میں چیف جسٹس کو الگ الگ خطوط بھیجے تھے۔
اپنے خط میں جسٹس صلاح الدین پنہور نے مطالبہ کیا تھا کہ فل کورٹ میٹنگ بلا کر آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے، لا اینڈ جسٹس کمیشن اور عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے۔ ان کے مطابق ستائیسویں ترمیم عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان اختیارات کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ جسٹس امین الدین خان 20 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

