کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شعبۂ انجینئرنگ کے لیے مخصوص الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ بورڈ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا جس میں گزشتہ دو برس کے دوران حفاظتی معیار، تکنیکی کارکردگی اور مجموعی آپریشنل بہتری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی آئی اے کے جہازوں کی دیکھ بھال، مرمت اور انہیں دوبارہ فضائی آپریشن میں شامل کرنے کے لیے انجینئرنگ ٹیم کی کوششوں کو سراہا گیا۔ بورڈ نے اعتراف کیا کہ انجینئرنگ ڈویژن کی مسلسل محنت اور تکنیکی بہتری نے پی آئی اے کے آپریشنز کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیرغور آیا کہ پی آئی اے کے دیگر اثاثوں کو سرکاری ملکیتی ہولڈنگ کمپنی کے تحت منتقل کیا جائے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات اور طریقہ کار پر کام جاری ہے۔
بورڈ نے شعبۂ انجینئرنگ کو مخصوص الاؤنس دینے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کا عمل بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد انجینئرنگ اسٹاف کی حوصلہ افزائی، کارکردگی میں مزید بہتری اور ادارے کی تکنیکی بنیاد کو مضبوط کرنا ہے۔
اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق ضروری منظوریوں کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ نجکاری کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے یہ فیصلے پی آئی اے کی بحالی، آپریشنل بہتری اور مستقبل کی حکمتِ عملی کے لیے نہایت اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔

