راولپنڈی: پاک فوج کے چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم کی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں فوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور تاجکستان کے ساتھ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی توثیق کی۔

