صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کر لیے۔
گزشتہ روز 27 ویں ترمیم کے معاملے پر دونوں ججوں نے سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور اپنے استعفے ایوان صدر کو ارسال کیے۔ صدرِ مملکت کے اعلامیے کے مطابق دونوں ججوں کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد سپریم کورٹ میں ججوں کی موجودہ صورتحال پر اہم تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے استعفیٰ دینے سے قبل رات کے اوقات میں ساتھی ججز سے اپنے چیمبرز میں الوداعی ملاقاتیں کیں۔ اس دوران ساتھی ججز نے انہیں استعفیٰ نہ دینے کا مشورہ دیا اور آخری وقت تک دونوں کو اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹانے کی کوشش کی، تاکہ عدالتی ادارے میں استحکام قائم رہے۔
ذرائع کے مطابق ساتھی ججز کے اصرار کے باوجود دونوں ججز اپنے فیصلے پر قائم رہے۔ ملاقاتوں کے بعد انہوں نے رسمی طور پر استعفیٰ دے دیا اور سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔ اس اقدام کے بعد سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد اور عدالتی امور کے نظام پر اثرات کے حوالے سے مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔

