اتوار کو کرسٹیانو رونالڈو کی غیر موجودگی میں پرتگال نے آرمینیا کو 9-1 سے شکست دی اور کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ ایف میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کر لی۔
پرتگال کی جانب سے برونو فرنینڈس اور جواو نیویس نے ہیٹ ٹرک سکور کر کے ٹیم کو گروپ سے براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں مدد دی۔
یاد رہے کہ پرتگال کو گزشتہ جمعرات کو آئرلینڈ سے 0-2 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں کپتان رونالڈو کو ریڈ کارڈ ملنے کے سبب اگلے میچ کے لیے معطل ہونا پڑا اور وہ آرمینیا کے خلاف میچ میں شریک نہیں ہو سکے۔
تاہم ٹیم کی فتح پر رونالڈو نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ورلڈ کپ میں پہنچ گئے! چلو پرتگال!”
فیفا ورلڈ کپ اگلے سال امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پرتگال مجموعی طور پر 9 ویں اور مسلسل 7 ویں مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

