سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیاں 15 اور 16 نومبر کو ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی اور شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئیں۔ دونوں علاقوں میں خفیہ اطلاعات تھیں کہ بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج ایک بار پھر سرگرم ہو رہا ہے اور مقامی امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بن رہا ہے، جس کے بعد فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 15 دہشتگرد مارے گئے جن میں سے 10 دہشتگرد کلاچی جبکہ 5 دتہ خیل میں مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دہشتگرد گروہ کا کمانڈر عالم محسود بھی شامل ہے جو متعدد دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی اور مقامی نوجوانوں کو ورغلانے میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ یہ خوارج ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی ایجنسیوں کی سرپرستی میں پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی بچے عناصر کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گی، قوم کی حمایت سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

