بنوں میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب دوہ غوڑا پل پر ایک خودکش دھماکا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں حملہ آور نے اپنا ہدف حاصل کرنے سے پہلے ہی خود کو اڑا لیا، جس کے نتیجے میں دھماکے کی جگہ سے ایک لاش اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا انتہائی قوت کا تھا جس سے قریب موجود اشیاء کو بھی نقصان پہنچا ہے اور جائے وقوعہ پر تباہی کے آثار نمایاں ہیں۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ خودکش حملہ آور کس تنظیم سے تعلق رکھتا تھا اور اس کا ٹارگٹ کون تھا۔
سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ سہولت کار کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور قریبی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس واقعے کو علاقے میں امن تباہ کرنے کی ایک اور کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کےلیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

