قاہرہ: مصر نے مغربی صحرا میں قدرتی گیس کے نئے ذخیرے کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔ عالمی خبر ایجنسی کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے بتایا کہ ابتدائی ٹیسٹوں کے مطابق ’جمانہ-1‘ نامی کنویں سے روزانہ تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ معیاری مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی کنواں برقی لاگز کے ذریعے گیس سے بھرپور زونز کی نشاندہی کے بعد کھودا گیا تھا جبکہ کنویں کی صلاحیت کا مکمل جائزہ اور مزید ٹیسٹنگ جاری ہے۔ خلدہ پیٹرولیم کمپنی آئندہ دو دن کے اندر اس کنویں کو پیداوار کے مرحلے میں داخل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق نئی دریافت سے مصر کی گیس پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ملک کو خطے میں توانائی کے مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کی حکمتِ عملی کو تقویت ملے گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ مصر نے حالیہ برسوں میں گیس کی پیداوار میں کمی کے باعث نئے ذخائر کی تلاش پر توجہ بڑھائی ہے۔ اگست میں وزیرِ اعظم مصطفیٰ مدبولی نے بتایا تھا کہ ملک کی یومیہ گیس پیداوار 4.1 بلین مکعب فٹ ہے، جسے 2027 تک 6.6 بلین مکعب فٹ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

